ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اسد الدین اویسی اب گجرات میں دیں گے بی جے پی کو چیلنج، بی ٹی پی کے ساتھ لڑیں گے پنچایت الیکشن

اسد الدین اویسی اب گجرات میں دیں گے بی جے پی کو چیلنج، بی ٹی پی کے ساتھ لڑیں گے پنچایت الیکشن

Sun, 27 Dec 2020 10:25:10    S.O. News Service

احمدآباد،27؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) گجرات میں اگلے پنچایت الیکشن کیلئے بھارتیہ ٹرائبل پارٹی(بی ٹی پی) اورآل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین(اے آئی ایم آئی ایم) سربراہ اسد الدین اویسی ساتھ آگئے ہیں۔ دونوں پارٹیوں نے الیکشن ساتھ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ جانکاری بی ٹی پی ممبر اسمبلی چھوٹو بھائی وساوا نے ہفتہ کو دی۔

وساوا نے بتایا کہ بی ٹی پی اور اے آئی ایم آئی ایم آئین کو بچانے کیلئے ایک ساتھ سیاسی میدان میں اترے ہیں۔ فروری۔ مارچ میں ضلع پنچایت اور تحصیل پنچایتوں کے الیکشن ہونے والے ہیں۔چھوٹو وساوا جہاگڑیا سے ممبر اسمبلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ٹی پی اور اے آئی ایم آئی ایم گجرات میں ہونے جارہے پنچایت الیکشن ایک ساتھ لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بہتر مستقبل کیلئے کانگریس اور بی جے پی دونوں کو ہٹانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔

علاوہ ازیں انہوں نے راجستھان میں بھی پارٹی کو دھوکہ دئے جانے کی بات کہی۔ ممبر اسمبلی نے کہا کہ بی ٹی پی کو راجستھان میں دھوکہ ملا، کیونکہ بی جے پی اور کانگریس ایک ساتھ آگئی تھیں۔ تاکہ بی ٹی پی کو اقتدار سے دور رکھا جاسکے۔انہوں نے اسد الدین اویسی کو گجرات میں الیکشن کیلئے بلانے کی بھی بات کہی ہے۔ غور طلب ہے کہ گجرات اسمبلی میں بی ٹی پی کے دو ہی ممبر اسمبلی ہیں۔ ایک چھوٹو وساوا اور دوسرے ان کے بیٹے ہیں۔ اس کے علاوہ بی ٹی پی کے پاس راجستھان میں بھی دو سیٹیں ہیں۔ حالانکہ اس پر اویسی کی طرف سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ وساوا اس سے پہلے جے ڈی یو میں بھی رہ چکے ہیں۔


Share: